استقبال رمضان

استقبال رمضان ۲۰۲۴

استقبال رمضان ۲۰۲۴

بسم اللہ الرحمن الرحیم
ان شاء اللہ چند دن بعد رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہونے والا ہے، سال کے بارہ اسلامی مہینوں میں رمضان کو ایک خاص مقام حاصل ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ سے اپنے تعلق کو مضبوط کرنے کا مہینہ ہے۔ اس مہینے میں کی جانے والی ہر عبادت اور نیکی کے ہر کام کا مرکزی نقطہ یہی ہے کہ اپنے رب سے کمزور پڑتا ہوا تعلق نئے سرے سے استوار کیا جائے ۔ اپنے اعمال میں بہتری لا کر اپنے خالق کو راضی کیا جائے ۔ اپنے گناہوں کی معافی طلب کر کے اپنے مالک کی ناراضگی سے بچا جائے۔ اس کی خاطر بھوکہ پیاسا رہ کر اس سے اپنی محبت کا ثبوت دیا جائے۔
اللہ تعالی نے اسے عظمتوں اور برکتوں والا مہینہ بنایا ہے، اور حقیقت یہ ہے کہ گیارہ ماہ انسان دنیا کے دھندوں اور مال کمانے کے چکر میں لگا رہتا ہے، جس سے اس کے دل پر غفلت کے پردے پڑ جاتے ہیں، اللہ تعالی نے یہ مہینہ عطا کیا ہے تا کہ انسان اپنے اندر کی ان فغفلتوں کو دور کر کے اپنی پیدائش کے اصلی مقصد

﴿وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْإِنْسَ إِلَّا لِيَعْبُدُونَ ﴾ [الذاريات : ٥٦]

ترجمہ : میں نے جنوں اور انسانوں کو صرف اپنی عبادت کے لیے پیدا کیا ہے۔ کی طرف متوجہ ہو جائے۔
جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم باوجود یکہ معصوم تھے لیکن رمضان المبارک کے لیے آنجناب کا انتظار ، شوق ، ولولہ ، عبادات میں والہانہ اضافہ ، رمضان المبارک شروع ہونے سے قبل ہی آپ کا اپنے اصحاب کو جمع کر کے رمضان المبارک کی اہمیت ، فضیلت اور اسے گزارنے کی ترغیب دینا، ہمیں سبق دیتا ہے اور نصیحت کرتا ہے کہ ہم بھی اس طرف متوجہ ہوں ، اس بات کی بہت زیادہ ضرورت ہے کہ ہم میں رجوع الی اللہ کی کیفیت بھر پور طریقے سے پیدا ہو، اور ہم اللہ کے ساتھ اپنے تعلق کو مزید مضبوط کریں ، اُس کے سامنے عاجزی و آہ وزاری کرتے ہوئے اسے منانے اور راضی کرنے کی جستجو میں لگیں، تا کہ اس کا غصہ ٹھنڈا ہو، اور وہ ہمیں دنیوی اور اخروی آزمائشوں سے محفوظ رکھے۔

استقبال رمضان کا طریقہ

رمضان المبارک کا اصل استقبال یہ ہے کہ اپنی مصروفیات کو کم سے کم کر لیا جائے اور اپنے آپ کو عبادت کے لیے فارغ کر لیا جائے ۔ ہم نیت کر لیں کہ آج تک گذشتہ سالوں کے رمضان المبارک میں اللہ کے ساتھ جتنی لو لگا سکتے ہیں اس بار اس سے کہیں بڑھ کر کوشش کرنی ہے کہ اللہ تعالیٰ کا خوب سے خوب قرب حاصل کرنا ہے، اور ایسی محنت کرنی ہے کہ اللہ تعالی کے ساتھ تعلق میں اضافہ ہو جائے ، ہم ان بابرکت لمحات کو اس طرح استعمال کریں کہ اللہ تعالی ہم سے راضی ہو جائیں اور ہمیں کل آخرت میں اپنے مہمان خانے جنت الفردوس میں یقینی داخل کرنے کا فیصلہ فرمالیں۔
آمین

اپنا تبصرہ بھیجیں