
ماه ذی الحجہ سے متعلق مسائل
ماه ذی الحجہ سے متعلق مسائل
عشرہ ذوالحجہ کے متفرق مسائل
جو شخص قربانی کا ارادہ رکھتا ہو اس کے لئے مستحب یہ ہے کہ وہ ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے بعد بال ، ناخن کٹانے اور حجامت بنوانے سے دسویں تاریخ تک رکا ر ہے۔
بقرہ عید کی پہلی تاریخ سے لے کر نویں تاریخ تک نو دن کا روزہ رکھنا مستحب ہے، ایک ایک دن کا روزہ ثواب میں سال بھر کے روزوں کے برابر ہے اور نویں تاریخ یعنی عرفہ کے دن کا روزہ دو سال کے روزوں کے ثواب کے برابر ہے۔ پھر دسویں سے لے کر تیرہویں تک روزہ رکھنا حرام ہے۔
ف:۔ ذوالحجہ کی نویں تاریخ جس دن عرفات کے میدان میں حاجی حج کے لئے جمع ہوتے ہیں اس دن کو عرفہ کہتے ہیں۔ شریعت میں سال بھر کے اندر بس ایک ہی دن عرفہ ہے، ہم علم لوگوں نے اور بھی کئی دنوں کا نام اپنی طرف سے عرفہ رکھ لیا جو کہ غلط ہے۔
تکبیر تشریق
تکبیر تشریق نویں ذوالحجہ کی نماز فجر کے بعد سے تیرہویں تاریخ کی عصر کی نماز کے بعد تک ہر فرض عین نماز کا سلام پھیرتے ہی ایک مرتبہ بلند آواز سے کہنا واجب ہے۔ البتہ عورتیں آہستہ آہستہ آواز سے کہیں ۔
تنبیہ : بہت سے لوگ اس میں غفلت کرتے ہیں، اس تکبیر کو پڑھتے نہیں یا آہستہ پڑھ لیتے ہیں حالانکہ اس کا درمیانے طریقہ پر بلند آواز سے پڑھنا واجب ہے اس کی اصلاح ضروری ہے۔
ماہ ذوالحجہ کی گیارہویں بارہویں، تیرہویں تین تاریخوں کو ایام تشریق کہتے ہیں۔ تشریق کے معنی گوشت کو دھوپ میں ڈالنے کے ہیں۔ چونکہ ان دنوں میں قربانی کا گوشت سکھایا جاتا ہے اس لئے دسویں تاریخ کے بعد ان تین دنوں کو ایام تشریق کہا جاتا ہے۔ تکبیر تشریق یہ ہے:
الله اکبر الله اکبر لا اله الا الله والله اكبر الله اكبر و للہ الحمد۔
مزید یہ کہ تکبیر تشریق امام ، مقتدی ، اور منفرو ( تنہا نماز پڑھنے والا) عورت، مرد، مسافر، مقیم، شہر والوں اور گاؤں والوں سب پر واجب ہے۔