مسائل روزه
مسائل روزه
مسئلہ سحری کھا کر روزہ رکھنا اور سحری میں تاخیر کرنا، اور افطار میں جلدی کرنا مستحب ہے۔ بغیر سحری کے روزہ تو ہو جاتا ہے لیکن بلا عذر سحری چھوڑ نا خلاف سنت ہے۔ (مستفاد، فتاوی دار العلوم )
حقہ سے افطار
مسئلہ حقہ، بیڑی، پان وغیرہ سے روزہ افطار کرے گا تو افطار صحیح ہو جاتا ہے لیکن بہتر نہیں ہے۔ (فتاوی دار العلوم )
غیر مسلم کی افطاری
مسئلہ غیر مسلم کی افطاری سے افطار کرنا جائز اور درست ہے۔ (فتاوی دار العلوم)
رمضان المبارک میں مغرب کی جماعت:
مسئلہ: رمضان میں مغرب کی اذان کے بعد جماعت میں اتنی تاخیر بہتر ہے کہ اطمینان کے ساتھ روزہ دار کھاپی کر جماعت میں شرکت کر سکے۔ لہذا اذان کے بعد دس بارہ منٹ تاخیر افضل ہے غیر رمضان میں یہ حکم نہیں ہے۔ (فتاوی دارالعلوم)
رمضان میں فجر کی جماعت
مسئلہ رمضان المبارک میں فجر کی نماز اول وقت میں پڑھنے میں کوئی حرج نہیں ہے اس لئے کہ اول وقت میں زیادہ لوگ جماعت میں شرکت کرتے ہیں اور اگر خوب روشنی ہونے کے بعد پڑھی جائے تو بہت سوں کی جماعت چھوٹ جاتی ہے۔ (فتاوی دار العلوم )
روزہ میں انجکشن
مسئلہ: رگوں میں مسامات کے ذریعہ اگر کوئی چیز روزہ دار کے بدن میں پہنچائی جائے تو اس سے روزہ فاسد نہیں ہوتا۔ اس لئے انجکشن سے روزہ پر کوئی خرابی نہیں آتی ۔ (فتاوی محمودیہ)
روزہ میں گلوکوز
مسئلہ روزہ میں انجکشن کی طرح گلوکوز پڑھانے سے بھی روزہ فاسد نہیں ہوتا۔ (فتاوی محمودیہ)
بواسیری مسے پر دوالگانا
مسئلہ بحالت صوم بواسیر کے ان مسوں پر دوا لگانا جائز ہے جو باہر نکل آتے ہیں اور اس سے روزہ فاسد نہیں ہوتا۔ لیکن کسی آلہ کے ذریعہ اندر داخل کرنا جائز نہیں ہے بلکہ صرف باہر کے مسوں پر لگانا جائز ہے۔ (در مختار )
کان میں تیل یا دوا ڈالنا
مسئلہ روزہ کی حالت میں کان میں تیل اور دوا ڈالنے سے روزہ فاسد ہو جاتا ہے لیکن پانی پہنچنے سے روزہ فاسد نہیں ہوتا۔ (درمختار)
ناک میں دوا
مسئلہ ناک میں دوا ڈالنے اور پانی پہنچانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اور اسی طرح حلق میں پہنچنے سے بھی روزہ فاسد ہو جاتا ہے۔ لہذا غسل جنابت میں غرغرہ اور استنشاق میں مبالغہ نہیں کرنا چاہئے ۔ (فتاوی رحیمی)
سر میں تیل لگانا
مسئلہ روزہ کی حالت میں سر میں تیل لگانے سے روزہ میں کوئی خرابی نہیں آتی۔ (قادی)
آنکھ میں دو اکا مسئلہ
آنکھ میں دوا ڈالنے سے اور سرمہ لگانے سے روزہ میں کوئی خرابی نہیں آتی روزہ بدستور باقی رہتا ہے اگر چہ اس کااثر حلق میں محسوس کیوں نہ ہو . (مراقی )
مسواک کا ریشہ
مسئلہ: اگر مسواک کرتے وقت اس کا ریشہ حلق میں داخل ہو کر پیٹ میں پہنچ جائے تو روزہ فاسد نہیں ہوتا۔ (احسن الفتاویٰ)
مسوڑھوں کا خون
مسئلہ اگر مسوڑھوں سے خون نکل کر حلق میں داخل ہو جائے تو اس کی دو صورتیں ہیں۔ اگر تھوک ، خون کے برابر ہے یا زیادہ ہے اور حلق میں خون کا ذائقہ محسوس ہو جائے تو روزہ فاسد ہو جائے گا اور اگر خون کم ہو تو فاسد نہ ہوگا۔ (درمختار)
لفافہ کا گوند
مسئلہ: اگر زبان سے لفافہ کا گوند چاٹ کر تھوک دیتا ہے اور پھر اس کے بعد تھوک نکل جاتا ہے تو روزہ فاسد نہ ہوگا اور اگر تھو کے بغیر نکلتا ہے تو روزہ فاسد ہو جائے گا۔ (درمختار)
اگر بتی کا دھواں
مسئلہ اگریقی اور لوبان وغیرہ جلا کر اگر اپنے پاس رکھ کر سونگھتا ہے تو اس سے روزہ فاسد ہو جاتا ہے لیکن اگر بالقصد سونگھتا نہیں بلکہ بلا اختیار داخل ہو جائے تو روزہ فاسد نہ ہوگا لہذا جمعہ وغیرہ میں مساجد میں رمضان کے موقع پر اگربتی وغیرہ جلانے سے احتراز کرنا بہتر ہے۔ (در مختار)
حقہ بیڑی کا دھواں
مسئلہ روزہ کی حالت میں حقہ اور بیڑی پینے سے روزہ فاسد ہو جاتا ہے قضا لازم کفارہ نہیں.
منہ میں دوار کھنا
مسئلہ روزہ کی حالت میں منہ میں اگر شدت مرض کی وجہ سے دوا لگائی جائے تو بلا کراہت جائز ہے اور بلاضرورت مکروہ ہے۔ (در مختار )
روزہ میں منجن
مسئلہ روزہ میں منجن، ٹوتھ پیسٹ، دنداسہ وغیرہ لگانا مکروہ ہے ان سے احتراز کرنا چاہئے ۔ (احسن الفتاویٰ)
روزہ میں خون نکلوانا
مسئلہ روزہ کی حالت میں خون نکلوانے سے روزہ فاسد نہیں ہوتا اور اگر ایسے ضعف کا خطرہ ہے کہ روزہ کی طاقت باقی نہ رہے تو مکروہ ہے۔ (احسن الفتادی)
روزہ میں دانت نکلوانا
مسئلہ: بوقت ضرورت دانت نکلوانا جائز ہے اور بلاضرورت مکروہ ہے۔ (احسن الفتاوی )
عورتوں کا لبوں پر سرخی لگانا
مسئلہ روزہ کی حالت میں عورت کے لبوں پر سرخی لگانے سے روزہ میں کوئی خرابی نہیں آتی ہے۔ لیکن اگر منہ کے اندر پہنچے کا احتمال ہو تو مکروہ ہے۔ (احسن الفتاوی )
بحالت صوم بیوی سے دل لگی کرنا
مسئلہ روزہ کی حالت میں اپنی بیوی سے بوس و کنار ہونا اور ساتھ لیٹنا ایسے آدمی کے لئے بلا کراہت جائز ہے جس کو انزال یا ہم بستری کا خطرہ نہ ہو۔ لہذا بوڑھے آدمی کے لئے بلا کراہت جائز ہے اور جو ان کے لئے مکروہ تحریمی ہے جو اپنے نفس پر قادر نہیں ہے۔ (درمختار)
خروج مذی
مسئلہ اگر بیوی سے بوس و کنار ہونے میں صرف مذی اور رطوبت نکلے تو اس سے روزہ میں کوئی خرابی نہیں آتی ۔ (احسن الفتاویٰ)
انزال اگر روزہ میں بیوی سے با قاعدہ ہم بستری نہیں کی ہے بلکہ صرف بوس و کنار ہونے یا ساتھ لیٹنے کی وجہ سے انزال ہو جائے تو روزہ فاسد ہو جائے گا بعد میں ایک روزہ قضاء کرنا واجب ہوگا۔ کفارہ لازم نہ ہو گا۔ اور اگر با قاعدہ ہم بستری کر لی ہے تو قضاء کے ساتھ ساتھ کفارہ بھی واجب ہوگا۔ لیکن اس دن بھی کھانا پینا جائز نہ ہو گا ۔ (امداد الفتاوی )
احتلام
مسئلہ روزہ کی حالت میں سوتے ہوئے خواب میں احتلام ہو جائے تو روزہ میں کوئی خرابی نہیں آئی روزہ بدستور باقی رہتا ہے۔
بھول سے کھانا
مسئلہ: اگر کسی کو اپنا روزہ بالکل یاد نہ رہے اور بے خیالی میں کھا لیا یا پی لیا یا بیوی سے ہم بستری کر لی اور بعد میں یاد آ جائے تو روزہ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ بلکہ روزہ بدستور جاری رہے گا۔ (ہدایہ)
نظر کرنے سے انزال
مسئلہ: اگر اتفاق سے روزہ کی حالت میں کسی حسین عورت پر نظر پڑ جائے اور پھر نظر کی وجہ سے انزال ہو جائے تو روزہ فاسد نہ ہوگا اگر چہ نظر کی گئی عورت کا خیال جمالیا جائز نہیں ہے۔ (ہدایہ)
حلق میں پانی چلا جائے
مسئلہ: اگر وضو وغیرہ کرتے ہوئے حلق میں پانی چلا جائے تو اس سے روزہ فاسد ہو جاتا ہے۔ قضا لازم، کفارہ نہیں لیکن پھر دن بھر کھانا بھی جائز نہیں ہے۔ (ہدایہ)
روزے کا فدیہ
مسئلہ شیخ فانی یعنی اگر کوئی شخص بالکل بوڑھا اور ضعیف ہو جائے اور روزہ رکھنے کی قوت نہ ہو تو ضعیف کے لئے روزوں کا فدیہ ادا کرنا جائز ہے۔ (فتاوی)
حاملہ اور کمزور عورت کا فدیہ
مسئلہ حاملہ اور کمزور عورت یا مریض کے لئے روزوں کا فدیہ دینا کافی نہیں اور اگر فدیہ دے دیا تو صحت یابی کے بعد دوبارہ رکھنا لازم ہوگا ۔ (فتاوی دار العلوم )
فدیہ کی مقدار
مسئلہ فدیہ کی مقدار یہ ہے کہ ہر ایک روزہ کے عوض میں ایک صدقہ فطر یا اس کی قیمت فقراء کو دی جائے اور ایک صدقہ فطر کی مقدار نصف صاع گیہوں سے جو موجودہ دور کے حساب سے ڈیڑھ کلو سے گرام ۶۴۰ ملی گرام ہے۔ ۔
مسئلہ: ایک روزہ کا فدیہ متعدد مساکین کو دے سکتے ہیں اور اسی طرح ایک مسکین کو متعد دروزوں کا فدیہ دینا بھی جائز ہے۔ (فتاوی رحیمی)